
خریف مہم 2016 کے لیے زراعت پر قومی کانفرنس کادہلی میں انعقاد
نئی دہلی:(ایجنسی)ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچر ، کوآپریشن اینڈ فارمرز ویلفیئر کی جانب سے ، ’’ نیشنل کانفرنس آن ایگریکلچر فار خریف کیمپین‘‘ کے عنوان سے 2016 میں خریف کی فصل کی مہم کے لیے زراعت پر ایک قومی کانفرنس کا اہتمام کیاجارہا ہے۔ یہ دو روزہ کانفرنس 11 اور 12 اپریل 2016 کو آئی سی ایم آر نئی دہلی کے این اے ایس سی /این اے اے ایس کمپلیکس میں اہتمام کی جائے گی۔ اس کانفرنس کاا فتتاح زراعت اور کسانوں کی فلاح کے محکمے کے مرکزی وزیر کریں گے۔ اس تقریب میں وزارت زراعت کے دونوں وزرائے مملکت، ڈاکٹر سنجیو بالیان، زراعت ، تعاون اور کسانوں کی فلاح کے محکمے کے سکریٹری جناب ایم کے کنڈاریا، مویشی پروری ، ڈیری اور ماہی گیری کے محکمے کے سکریٹری اور آئی سی اے آر کے ڈائریکٹر جنرل ، زراعتی تحقیق وتعلیم کے محکمے کے سکریٹری بھی اس تقریب میں شرکت کر یں گے ۔خریف مہم ۔2016 اس اعتبار سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بے وقت کی بارش ، ژالہ باری اور دیگر قدرتی آفات کی وجہ سے فصلیں بڑے پیمانے پرتباہ ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں ربیع 2015-16 کے بعد اور سردیوں کے موسم میں بھی بارش کم رہی ہے جس کے نتیجے میں مٹی میں نمی کم ہوگئی ہے۔ اس لیے خریف کی فصل کے لیے ایک ایسی حکمت عملی وضع کیے جانے کی ضرورت ہے تاکہ مندرجہ بالا نقصانات کے اثر کو کم کیا جاسکے۔
اس کانفرنس میں آبی وسائل ، زمینی وسائل اور فرٹیلائزر جیسی مختلف وزارتوں/محکموں کے افسران بھی شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں وزارت زراعت اور کسانوں کی فلاح کی وزارت کے تینوں محکمے اور تحقیقی ادارے نیز نبارڈ (این اے بی اے آر ڈی) اور ایس ایف اے سی، این اے ایف ای ڈی اور این ایچ بی جیسے خود مختار اداروں کے نمائندے بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔