ہندوستان میں مئی سے شروع ہوگا ہوا کا کاروبار، ایک سانس کی قیمت 12.50 روپے


نئی دہلی، 4 نومبر: دہلی کی ہوا اتنی خراب ہو چکی ہے کہ یہاں سانس لینا بھی مشکل ہے۔ دیوالی کے بعد یہاں کی ہوا مزید زہریلی ہو گئی ہے۔ دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔ دہلی کی آلودگی سے حکومت بھی فکرمند ہے لیکن ایک راحت کی خبر یہ ہے کہ بہت جلد بوتل بند ہوا خرید کر اپنے لیے صاف ہوا کا انتظام کرنا ممکن ہو جائے گا۔ یہ بات کئی لوگوں کے لیے حیران کرنے والا ہے لیکن حقیقت ہے کہ چین میں بوتل بند ہوا کا کاروبار تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور اب دہلی میں بھی یہ کاروبار شروع ہو سکتا ہے۔ چین میں لوگ بوتل بند صاف ہوا سے سانس لے کر اپنی زندگی بچا رہے ہیں۔ چین کے علاوہ آسٹریلیا میں بھی بوتل بند ہوا کا کاروبار تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہاں الگ الگ نام سے بوتل بند تازہ ہوا فروخت ہو رہی ہے۔ فضائی آلودگی سے نبرد آزما بیجنگ اور چین کے کچھ اہم شہروں میں بوتل بند ہوا کی فروخت تیزی سے ہو رہی ہے۔ یہاں ایک بوتل بند ہوا کی قیمت تقریباً 7800 روپے رکھی گئی ہے، حالانکہ علاقے کے بدلتے ہی قیمت بھی بدل جاتی ہے۔ شیشے کے برتن میں ہوا بیجنگ اور چین کے الگ الگ علاقوں میں سرعام فروخت ہو رہی ہے۔ میشیبل کی ایک رپورٹ پر یقین کیا جائے تو وٹیلٹی ائیر چین کے لوگوں کی بوتل بند ہوا کی ضرورتوں کو پورا کرتی ہے۔ وٹیلٹی ائیر کے نمائندہ کا کہنا ہے کہ انھیں چین کے الگ الگ شہروں سے صاف ہوا کے لیے آرڈر مل رہے ہیں۔ جب فضا زیادہ آلودہ ہو جاتی ہے تو اس کی فروخت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق آسٹریلیائی اور کناڈیائی فرم پہاڑوں سے صاف ہوا لے کر اسے پیک کر کے اپنا کاروبار بڑھا رہے ہیں۔
خبروں کے مطابق اب دھیرے دھیرے بوتل بند ہوا کا بازار ہندوستان میں بھی بڑا نظر آنے لگا ہے۔ دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شمار دہلی کے لوگوں کے ساتھ اب آپ بھی شیشے میں بھری ہوا خرید سکتے ہیں۔ ہندوستان میں قدرتی ہوا کی فروخت شروع ہونے والی ہے اور ایک سانس کی قیمت تقریباً 12.50 روپے ہوگی۔ اس بوتل بند برتن میں کمپریسڈ ہوا ہوتی ہے جسے ماسک پہن کر اس ہوا سے سانس لی جاتی ہے۔ کناڈا کی اسٹارٹ اَپ کمپنی اس سے پہلے بیرون ممالک میں ہوا کو فروخت کر چکی ہیں اب اسے ہندوستان میں مئی سے فروخت کرنے کی تیاری میں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *