ذمہ داران مدارس کو پریشانیوں سے نکالنا ہمارا دینی فریضہ ہے :معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر سید زاہد احمد علیگ کا اعلان
ممبئی: (معیشت نیوز) ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے دینی مدارس کے ذمہ داران مالیات کی فراہمی سے متعلق انتہائی فکر مند ہیں۔ مدراس کے سفراء اپنے معاونین تک پہنچ نہیں پارہے ہیں لہذا ایک ہی صورت باقی رہ گئی ہے کہ اس بحران میں آئن لائن ٹرانسفر کے ذریعہ مالی فراہمی کی صورت پیدا کی جائے اور مدارس اسلامیہ کے ذمہ داران کے مسائل حل کیا جائے۔ایسے میںمعیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر سید زاہد احمد علیگ کا کہنا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ادارہ معیشت مدارس کا اشتہار فری میں شائع کرے گا جبکہہمدردان ملت سے اپیل کرے گا کہ وہ مدارس کے بینک اکاؤنٹ میں چندہ جمع کریں تاکہ فرزندان توحید اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں ۔
سید زاہد احمد علیگ کے مطابق ’’ممبئی معاشی راجدھانی ہے اور پورے ملک میں مدارس اسلامیہ کو سب سے زیادہ تعاون اسی شہر سے جاتا ہے۔معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ شہر کے بیشتر بہی خواہوں سے واقف ہے جو مدارس اسلامیہ کا تعاون کیا کرتے ہیں جبکہ ممبئی کے صاحب ثروت معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے بھی دیکھتے ہیں ایسے میں اگر ہم مدارس کا تعاون کرسکیں تو یقیناً یہ اعزاز کی بات ہوگی۔
سید زاہد احمد کہتے ہیں ’’معیشت میں اشتہار دینے کا طریقہ یہ ہوگا کہ مدارس اسلامیہ کے ذمہ دار ایک اپیل کے ساتھ اشتہار بنائیں جس میں مدارس کی ضروری تفصیلات اختصار کے ساتھ لکھیں ۔ بینک اکاؤنٹ نمبر ، آئی ایف ایس سی کوڈ ، برانچ کا پتہ،اگر فون پے اور گوگل پے ہے تو اس کا نمبر ۔ آن لائن ڈونیشن کیلئے آپ کسی ویب سائٹ یا ایپ کا لنک استعمال کررہے ہیں تو اس کا لنک بھی شامل کریں ۔ اشتہار میں رابطہ نمبرکے ساتھ ذمہ دار کا نام ضرور تحریر کریں ۔ اگر آپ کے مدرسہ کی ویب سائٹ یا سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں تو اسے بھی تحر یر کریں ۔
اسی کے ساتھ جن دستاویزات کی ہمیں بطور ثبوت ضرورت ہے وہ (1) ٹرسٹ رجسٹریشن سرٹیفیکٹ(2)اپنے علاقے کی طرف سے کسی بھی معتبر تنظیم ،دینی ادارہ،یا مشہور شخصیت کا تصدیق نامہ
معیشت میڈیا آپ کا یہ اشتہار اردو ویب سائٹ http://urdu1.maeeshat.in/ اور معیشت میڈیافیس بک پیج (https://www.facebook.com/maeeshatmedia/) پر شائع کرے گا ۔
معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر سید زاہد احمد علیگ نے کہا کہ ’’معیشت میڈیا ملک کے تمام مکاتب و مسالک میں یکساں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لہذا بلا تفریق مسلک و مشرب تمام مدارس کے ذمہ داران سے گذارش ہے کہ وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنا اشتہار اور اپیل بھیجیں اور اس موقع کا فائدہ اٹھائیں۔
مالی فراہمی کیلئے بنایاگیا اشتہار ، رجسٹریشن سرٹفیکٹ اور تصدیق نامہ کے ساتھ بذریعہ ای میل maeeshatmedia@gmail.com پر ارسال کریں۔