
بدعنوانی کے معاملے میں سامنے آیا مرکزی وزیر اوما بھارتی کا نام
بھوپال: (یو این بی) مدھیہ پردیش پروفیشنل اگزامنیشن بورڈ بھرتی بدعنوانی معاملہ میں کانگریس نے مرکزی وزیر اوما بھارتی کے بھی شامل ہونے کا الزام لگایا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان کے کے مشرا نے سنیچر کو دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں ۔ مشرا نے کہا کہ اس گھوٹالے میں اوما بھارتی کے علاوہ کیلاش وجے ورگیے سمیت بی جے پی کے کئی بڑے لیڈر شامل ہیں۔ مشرا نے اس گھوٹالے میں شیوراج سنگھ چوہان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے بھی شامل ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ کانگریس کے ان الزامات پر اوما بھارتی نے ابھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
بھوپال میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس نے کال ڈیٹیل جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ٹیچروں کی پندرہ بھرتیاں اوما بھارتی کی سفارش پر کی گئی ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ ایس ٹی ایف کی جانچ پر سوال اٹھنا لازمی ہے کیوں کہ ابھی تک وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے سابق پی اے پریم چند پرساد کی گرفتاری نہیں کی گئی ہے اور ایس ٹی ایف نے آر ایس ایس لیڈر سریش سونی کو بھی ابھی تک جانچ کے دائرے میں نہیں لیا ہے۔
کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ پیشہ وارانہ امتحان بورڈ کے ذریعہ ہوئی ٹرانسپورٹ چیکنگ امتحان میں 19 امیدوار مہاراشٹر کے گوندیا سے منتخب کئے گئے تھے اور گوندیا میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی سسرال ہے۔ نیز جب گوندیا میں 19 لوگوں کا نام آیا تو متعلقہ افسر کا تبادلہ کر دیا گیا۔کانگریس نے اخلاقی بنیادوں پر شیوراج سنگھسے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت اس گھوٹالے میں بری طرح گھری ہوئی ہے۔ اب اس گھوٹالے کی آنچ وزیر اعلیٰ تک پہنچتی نظر آ رہی ہے۔ ہائی کورٹ کی نگرانی میں معاملے کی جانچ کر رہی ایس ٹی ایف نے شیوراج سنگھ چوہان کے سابق پی اے پریم پرساد کو پوچھ تاچھ کے لئے بلایا ہے۔ پریم پرساد پر اپنی بیٹی کو پی ایم ٹی کے امتحان میں فرضی طریقے سے پاس کرانے کا الزام ہے۔ غور طلب ہے کہ اس سے پہلے ایس ٹی ایف نے سابق اعلیٰ تعلیم ، تکنیکی تعلیم اور رابطہ عامہ کے وزیر لکشمی کانت شرما کو ٹیچروں کی بھرتی میں بعدنعانی کے معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔ شرما کو کورٹ نے 24 جون تک پولس تحویل میں بھیج دیا ہے۔
ایس ٹی ایف نے کورٹ میں کہا ہے کہ وہ پرفیشنل امتحان بورڈ کے سابق امتحان کنٹرولر پنکج تریویدی اور ان کے او ایس ڈی رہے او پی شکلا سے آمنے سامنے پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو مدھیہ پردیش کے الگ الگ حصوں سے پی ایم ٹی میں جعلسازی کے الزام میں سو طلبا کو گرفتار کیا گیا۔ ایس ٹی ایف نے ان طلبا کو بھی کورٹ میں پیش کیا۔ ایس ٹی ایف اس معاملے میں 30 جون کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں اسٹیٹس رپورٹ داخل کرے گی۔
ادھر اپوزیشن اس گھوٹالے کے معاملے میں شیوراج سنگھ حکومت کو گھیرنے کی پوری کوشش میں ہے۔ اپوزیشن کے لیڈر ستیہ دیو کٹارے نے معاملے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ کی ہے۔ کٹارے نے کہا کہ اس معاملے میں کئی اہم شخصیات ملوث ہیں اس لئے اس کی غیر جانبدارانہ جانچ کے لئے ضروری ہے کہ یہ معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا جائے۔