ہیوسٹن: (یو این بی): حکومت ہند صحت کے شعبہ میں بہت بڑی تبدیلی کی کوشش میں ہے۔ اس کے مدنظر اس شعبہ میں کئی اہم فیصلے کیے جانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ خصوصی ذرائع کے مطابق اس کوشش میں حکومت ہند دنیا کے سب سے بڑے ہیلتھ انشورنس پروگرام کا ’بلو پرنٹ‘ (خاکہ) تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے امریکہ میں مقیم ہندوستانی پیشہ ور ڈاکٹروں کی ایک میٹنگ میں اس تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک تقریر پڑھی جس میں ’صحت مند ہندوستان‘ کی کوششوں میں سبھی باشندہ کو شامل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
ہرش وردھن نے ’32ویں امریکی ایسو سی ایشن آف فزیشین آف انڈین اوریجن‘ (اے اے پی آئی) میٹنگ میں نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا یہ مکمل یقین ہے کہ ہمیں ہیلتھ انشورنس سے آگے دھیان مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ ہیلتھ انشورنس میں ہمیں کافی راستہ طے کرنا ہے۔ ہمیں بہتر صحت دیکھ بھال پر دھیان دینے کی بھی ضرورت ہے۔‘‘ واضح رہے کہ نریندر مودی نے پہلے بھی اس بات کی طرف زور دیا ہے کہ ان کی حکومت کا مقصد صحت شعبہ میں کئی طرح کی مثبت تبدیلیوں کی ضرورت ہے جسے تحقیق، جدت طرازی اور جدید تکنیک کے ذریعہ انجام دیا جائے گا۔