وزیر اعظم کا 100 اسمارٹ شہر بنانے کا ارادہ، فرانس سے تعاون طلب کیا

نئی دہلی، یکم جولائی (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے وراثتی شہروں کے تحفظ اور 100 نئے اسمارٹ شہروں کو بنانے کے لیے آج فرانس سے تعاون طلب کیا۔ مودی نے ان سے ملنے آئے فرانس کے وزیر خارجہ لارٹ فیبیس سے بات چیت کے دوران یہ تعاون مانگا۔ سرکاری بیان کے مطابق فیبیس سے بات چیت کے وقت مودی نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور دوستانہ تعلقات کی یاد دلاتے ہوئے شہری منصوبہ اور وراثتی تحفظ کے شعبہ میں فرانس سے مدد طلب کی۔

احمد آباد وراثت منصوبہ کے لیے فرانس کے ذریعہ فراہم کی گئی مدد کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان نے وراثتی شہروں کے تحفظ اور 100 نئے اسمارٹ شہروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں ہمیں مدد کرنے کے لیے فرانس کے پاس قابلیت موجود ہے۔ وزیر اعظم نے سیاحت، ہنر پیدا کرنے اور کم قیمت کے دفاعی پیداوار کے شعبہ میں بھی فرانس سے تعاون طلب کیا۔ فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کی نئی حکومت کے ساتھ تعاون اور تعلقات بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ بات چیت کے دوران دہشت گردی کے مدعے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس میٹنگ میں وزیر خارجہ سشما سوراج، قومی دفاعی مشیر اجیت ڈوبھال، خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ، فرانس میں ہندوستان کے سفیر ارون سنگھ اور ہندوستان میں فرانس کے سفیر فرانسوا ریچیر بھی موجود تھے۔
فرانس کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے صدر فرانسوا اولاند کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کواپنے ملک آنے کا دعوت نامہ بھی دیا۔ وزیر اعظم نے فرانس کے وزیر خارجہ کا استقبال کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی کل ہی انھیں فرانس کے سیٹلائٹ، اسپاٹ-7 کی لانچنگ کو دیکھنے کا موقع ملا جسے شری ہری کوٹا سے ہندوستان کے پی ایس ایل وی سے خلا کے مدار میں بھیجا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *