نئی دہلی، 6 جولائی (یو این بی): کسانوں کے لیے زراعت اور دیگر متعلقہ مدعوں پر معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے بہت جلد 24 گھنٹے کا ایک چینل شروع کیا جائے گا۔ اس چینل کے ذریعہ زراعتی طبقہ کو موسم کی پیشین گوئی، بیج اور دیگر متعلقہ پہلوئوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ چینل کا نام ’ڈی ڈی کسان‘ ہوگا۔ حکومت اور پرسار بھارتی اس چینل کو جلد از جلد شروع کرنے کے منصوبہ کو آخری شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر سے جب زراعت پر مبنی چینل شروع کرنے کے منصوبہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے بتایا کہ ’ڈی ڈی کسان‘ جلد ہی شروع ہوگا۔ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات 2014 سے قبل اعلان کیا تھا کہ اگر وہ برسراقتدار آئی تو علاقائی کسان ٹی وی چینلوں کے قیام کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔
اس سے قبل پرسار بھارتی غور کر رہا تھا کہ کیا ایک زراعتی چینل اس حالت میں کسانوں کی ضرورتیں پوری کر پائے گا جب کہ ملک کی مختلف ریاستوں اور علاقوں میں زبان اور ضرورتیں الگ الگ ہیں۔ ایک ایسا چینل شروع کرنے کی تجویز ہے جس میں 11 علاقائی زبانوں کے پروگرام نشر کرنے کا انتظام ہوگا۔ ایک افسر نے بتایا کہ زراعت سے متعلق مواد کا انتظام کرنا بھی چیلنج ہے کیونکہ مختلف جغرافیائی علاقوں میں الگ الگ زراعتی اقتصادی زون ہیں۔ اس کے علاوہ الگ الگ ریاستوں میں آب و ہوا الگ الگ ہیں اور کسان بھی الگ الگ زبان بولتے ہیں۔ اس لیے مواد خاص علاقوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔ واضح رہے کہ دوردرشن اور آکاشوانی زراعت سے متعلق پروگراموں کا نشر پہلے سے ہی کر رہے ہیں لیکن ابھی تک 24 گھنٹے کا زراعتی چینل پیش نہیں کیا گیا تھا۔