
ریل بجٹ سے مودی کی آبائی ریاست کو خوش کرنے کی کوشش: کھڑگے
نئی دہلی، 8 جولائی (یو این بی) کانگریس نے آج ریل بجٹ کو امیروں والا بجٹ قرار دیا ہے جب کہ سابق ریلوے وزیر ملکاارجن کھڑگے نے زور دے کر کہا کہ اس میں کئی نئی اسکیم، منسوبہ یا ریل لائن نہیں ہے اور اس سے وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر کھرگے نے کہا کہ ’بجٹ صرف احمدآباد کے لئے ہے‘ انہوں نے ممبئی احمد آباد سیکٹر میں بلیٹ ٹرین شروع کرنے کے حکومت کے منصوبے اور میٹرو شہروں اور ترقیاتی مراکز کو ریل نیٹ ورک سے جوڑنے کے لئے ہائی اسپیڈ ریل کے ڈائمنڈ مربع جاتی پروجیکٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسکیموں کے نفاذ کے لئے سو کروڑ روپے مہیا کرائے ہیں۔ اس رقم سے محض چار سے پانچ کلومیٹر ریل لائن کی تعمیر ممکن ہے۔ اس لئے یہ پروجیکٹ صرف پروجیکٹ ہی رہے گی۔ کئی اعلانات ہوئے ہیں لیکن وہ صرف اعلانات ہی رہیں گے۔ یہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور ایف ڈی آئی بجٹ ہے، ریلوے بجٹ نہیں ہے۔ اس بجٹ میں غریبوں کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔
کھڑگے نے ریل بجٹ پیش کئے جانے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’’یہ بجٹ امیروں کے موافق ہے۔ بجٹ میں کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ اس میں کوئی بھی نئی اسکیم، نیا منسوبہ یا کوئی نئی ریل لائن نہیں ہے۔ انہوں نے خود ہی تسلیم کیا کہ یہ پلان ہالی ڈے ہے۔ جب وہ کچھ بھی نیا نہیں دے رہے ہیںتو اس کے بارے میں بات کرنے کا کیا مطلب ہے‘‘۔
سابق ریلوے وزیر نے کہا کہا کہ حکومت کی لوگوں کے تئیں ایک سماجی ذمہ داری ہے اور اگر زور صرف کامرشیل رشتوں پر ہوگا تو عوامی فلاح کا کیا ہوگا جس کے بارے میں حکومت عام طور سے بات کرتی ہے۔