آن لائن تعلیم القرآن کے لیے ولی عہد کا 6ملین ریال کاعطیہ

جدہ، 21 جولائی (یو این بی) سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے تحفیظ القرآن کے لیے سرگرم تنظیم “خیرکم” کو آن لائن قرآن کریم کی تعلیم کے لیے چھ ملین ریال کا عطیہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کو تاریخی شہر جدہ کا دورہ کیا جہاں سعودی محکمہ آثارقدیمہ و سیاحت کے چیئرمین شہزادہ سطان بن عبدالعزیز، جدہ کے گورنر شہزادہ مشعل بن ماجد بن عبدالعزیز اور گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
اپنے دورہ جدہ کے دوران ولی عہد تحفیظ قرآن کے لیے سرگرم ادارے”خیرکم” کے مرکز بھی گئے جہاں انہوں نے آن لائن قرآن کی تعلیم کے لیے تنظیم کے لیے چھ ملین ریال کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تحفیظ القرآن فاؤنڈیشن “خیرکم” کے چیئرمین انجینئر عبدالعزیز بن عبداللہ حنفی اور ان کی ٹیم کی کاکردگی کوسراہا اور قرآن کریم کی تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔ ولی عہد نے “خیرکم” کے فروغ تعلیم قرآن کے پوری دنیا میں پھیلے مختلف پروگرام کا بھی جائزہ لیا۔ تنظیم کے عہدیداروں نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مالی معاونت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ “خیرکم” سعودی عرب کا فروغ تعلیم قرآن کا ایک منظم نجی ادارہ ہے جو پوری دنیا میں قرآن کریم کی تحفیظ، اشاعت اور اس کی تبلیغ کی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔