القلم اسکول:سالانہ جلسہ میں طلبہ و طالبات کا تعلیمی مظاہرہ

بہترین خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو انعامات سے نوازا گیا
نمائندہ خصوصی معیشت ڈاٹ اِن
ممبئی (معیشت نیوز) سائن میں واقع القلم انگلش اسکول کا سالانہ تعلیمی مظاہرہ اسکول کی بلڈنگ میں منعقد ہواجس میں طلبہ و طالبات نے سال بھر کی کارکردگی کو اپنے مظاہرہ کی شکل میں حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ہی القلم انگلش اسکول کاقیام عمل میں آیا ہے ۔ پہلے یہ ادارہ ممبئی کے فورٹ علاقہ میں واقع تھاجہاں پر کرائے کے مکان میں تعلیمی سلسلہ چل رہا تھا لیکن سائن ریلوے اسٹیشن سے قریب ہی جب انہیں ایک کشادہ جگہ میسر آئی تو اسکول کو مذکورہ مقام پر منتقل کردیا گیا جہاں بخیر و خوبی کے ساتھ تعلیمی سلسلہ جاری ہے ۔ مذکورہ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر مولانا ابو بکر سلفی نے شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت حالات انتہائی خراب ہیںطلبہ و طالبات کے ذہنوں کو پراگندہ کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے ایسے میں ملت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کی آبیاری کا کام کرے اور مجھے خوشی ہے کہ القلم انگلش اسکول کے ڈائریکٹر منظر احسن سلفی اس کام کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ اسکول کے پرنسپل سید ہدایت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ آپ نے طلبہ و طالبات کا جو تعلیمی مظاہرہ دیکھا ہے یہ یہاں کے اساتذہ کی کوششوں کا ثمرہ ہے ۔ یہاں کے پورے اسٹاف نے جس محنت کے ساتھ طلبہ کو تیار کرنے کی کوشش کی ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ ہم ہر لحاظ سے بہتر سے بہتر کریںتاکہ اسکول کا معیار روز بروز اعلیٰ سے اعلیٰ تر ہوتا جائے۔ معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر دانش ریاض نے کہا کہ اس وقت اسلامک اسکول کے نام پر بہت سارے ادارے قائم ہورہے ہیںلیکن وہاں اسلام کی پڑھائی کے نام پر جو بدتمیزیاں ہورہی ہیں اس سے بہت سارے والدین نالاں ہیں۔ ایک طرف نہ انہیں مکمل اسلام پڑھایا جارہا ہے اور دوسری طرف انہیں عصری تعلیم بھی نہیں دی جارہی ہے ۔ نتیجہ یہ ہے کہ اسلامک اسکول کا فارغ مدرسہ کے فارغ سے بھی بدتر ہورہا ہے۔ ایسے میں منظر احسن سلفی نے جس اسلامک اسکول کو قائم کیا ہے اس سے یہ امید کی جاتی ہے کہ ان شاء اللہ یہاں دین و دنیا کی مکمل تعلیم دی جائے گی تاکہ دونوں جہان کے بارے میں یہاں کےفارغ مکمل آگہی رکھ سکیں، انہوں نے کہا کہ ’’میری یہ دعا ہے کہ یہ ادارہ ترقی کی منزلیں طے کرتا ہوا ممبئی کا مثالی ادارہ بن جائے جس کی مثال ہر خاص و عام دے۔



واضح رہے کہ عمر فاروق ، محمد شفیع حبیبی ، محمد فیروز کو ’بہترین والدین‘ ایوارڈ سے نوازا گیاجبکہ اسکول کی ٹیچر تبسم شیخ کو ’بہترین ٹیچر‘ ایوارڈ تفویض کیا گیا۔اس پروگرام میں ڈاکٹر عظیم الدین ، سعود عالم (ڈائریکٹر روشنی ٹیوٹوریل،باندرہ) کے ساتھ ساتھ مشہور صحافی امتیاز خلیل اور نظام الدین راعین وغیرہم نے شرکت کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔