
فارغین مدارس کے معاشی مسائل، مشکلات و امکانات پر جامعة الفلاح میں خطاب
معیشت میڈیا کے ڈائرکٹر کے پروگرام میں طلبہ کے ساتھ اساتذہ کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی
بلریا گنج (اعظم گڈھ): ”مدارس کے طلبہ دوران تعلیم اگر عربی و انگریزی زبان و ادب کے ساتھ اردو و ہندی زبان کی استعداد بہم پہنچا لیں تو فراغت کے بعد ان کے سامنے وسیع میدان کے دروازے کھل جاتے ہیں،کیونکہ وہ کارپوریٹ کمپنیوں کے ساتھ کارپوریٹ میڈیا میں بھی اپنی قسمت آزما سکتے ہیں“۔ ©ان خیالات کا اظہار ممبئی سے جامعة الفلاح(اعظم گڈھ) آئے معیشت میڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر دانش ریاض نے اپنے توسیعی خطاب میں کیا ۔انہوں نے ابواللیث ہال میں موجود اساتذہ و عربی اول تا عربی ہشتم کے طلبہ کو ”فارغین مدارس کے معاشی مسائل، رجحانات، مشکلات اور امکانات“ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”مدارس کے طلبہ احساس کمتری میں مبتلا نہ ہوںبلکہ بزنس کے بعض سیکٹر تو ایسے ہیں جہاں صرف اور صرف علماءکرام کی ہی ضرورت ہے۔“انہوں نے اسلامی بینکنگ،حلال مارکیٹ، حج و عمرہ جیسے بزنس کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ”یہ تو چند مثالیں ہیں جہاں آپ کی ضرورت پڑتی ہے ورنہ دنیا میں کارپوریٹ ریلیشنس، ٹورزم و میڈیکل ٹورزم کا ایسا کاروبار شروع ہوا ہے جس میں عربی مدارس کے طلبہ اپنی قسمت آزما سکتے ہیں۔
ترجمہ نگاری، کنٹنٹ رائٹنگ، ملٹی نیشنل کمپنیوں میںکوآرڈینیٹر ،کے ساتھ ساتھ سفارت خانہ و قونصل خانہ میں ملازمت کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ”ان تمام جگہوں پر مدارس کے فارغین کام کر رہے ہیں ،اور یہ ادارے ایسے فارغین کی تلاش میں رہتے ہیں جو زبان و بیان پر عبور رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے مزاج و معاشرت سے ہم آہنگ ہو۔“ گوگل کی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”مدارس کے طلبہ گوگل جیسی کمپنی میں بطور ترجمہ نگار کام کر رہے ہیں ۔اسی طرح بعض ملٹی نیشنل کمپنیاں ترجمہ نگاروں کی تلاش میں مصروف رہتی ہیں اگر مدارس کے طلبہ شروع سے ہی تیاری کریں تو فراغت کے بعد انہیں کسی طرح کے معاشی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ اپنی پسند سے وہ کمپنیوں کا انتخاب کر سکتے ہیں“۔
واضح رہے کہ جامعة الفلاح کے ناظم مولانا محمد طاہر مدنی نے دانش ریاض کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ”انہوں اسی مدرسے سے ثانوی کے بعد عالمیت و فضیلت کی تعلیم مکمل کی ہے اور خوشی کی بات ہے کہ میڈیا کے فیلڈ میں انہوں اپنا الگ مقام بنایا ہے۔“مولانا نے کہا کہ ”جب اپنا کوئی طالب علم کسی بلندی پر پہنچتا ہے تو ذمہ داران جامعہ کے ساتھ اساتذہ جامعہ کو سب سے زیادہ خوشی ہوتی ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا ہی طالب علم ایک ایسے موضوع پر گفتگو کرنے جا رہا ہے جس پر کم کم ہی گفتگو کی جاتی ہے۔“
ماسٹر عبد العظیم فلاحی صاحب نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دئے جبکہ علامہ قبال کی نظم ”اپنا مقام پیداکر“ویڈیو لوگوں کو دکھایا گیا۔