کال ڈراپ مسئلہ کے تدارک کیلئے آئی وی آر ایس پلیٹ فارم شروع کیا گیا


نئی دہلی۔28 دسمبر (ایجنسی): ٹیلی مواصلات کی مرکزی وزارت مختلف نیٹ ورکوں کے موبائل صارفین کو پیش آنے والے موبائل کالوں کے ڈراپ ہونے کے مسئلے کے تدارک کیلئے مختلف اقدامات کرتی رہی ہے۔ ٹیلی کام سروس کی خدمات فراہم کرانے والوں (ٹی ایس پی) کو جون 2016 سے اکتوبر 2016 تک کی مدت کے دوران ملک بھر میں ایک لاکھ 30 ہزار اضافی بی ٹی ایس (بیس ٹرانسیور اسٹیشن) کی سہولت فراہم کرائی گئی اور اب 31 مارچ 2017 تک ایک لاکھ 50 ہزار روپئے کی اضافی بی ٹی ایس سہولت بھی دستیاب کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

محکمہ ٹیلی مواصلات نے صارفین سے معلومات حاصل کرنے اور انہیں کال ڈراپ کے مسئلے کے حل کیلئے استعمال کرنے کی غرض سے دہلی ، ممبئی ، پنجاب، اترپردیش، اتراکھنڈ، مہاراشٹرا اور گوا میں 23 دسمبر 2016 کو ایک انٹیگریٹیڈ وائس رسپانس سسٹم (آئی وی آر ایس) شروع کیا ہے۔ بعد میں اس نظام کی پورے ملک میں توسیع کی جائے گی۔

اس سلسلے میں صارفین کو شارٹ کوڈ 1955 سے ایک آئی وی آر ایس کال کی جائے گی اور ان سے کال ڈراپ ہونے کے مسئلے پر سوالات پوچھے جائیں گے ، مثلاً یہ کہ انہیں ان کے علاقے میں کال ڈراپ ہونے کا مسئلہ درپیش ہے یا نہیں۔ صارفین اسی شارٹ کوڈ 1955 پر ایک ٹال فری ایس ایم ایس بھی بھیج سکتے ہیں جس میں انہیں اپنے شہر/ قصبے / گاؤں کا محل وقوع اور اپنے ٹیلی کام سروس پرووائڈر کا نام تحریر کرنا ہوگا تاکہ ان علاقوں میں تدارکی اقدامات کیے جاسکیں اور کال ڈراپ کے مسئلے کا تدارک کیا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *