جلگاؤں: جماعت اسلامی ہند جلگاؤں کی جانب سے مسجد نور کاٹیا فائل میں مسجد کا تعارفی پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ہم وطن بھائیوں کے لیے منعقدہ اس پروگرام میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور بااثر افراد اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اس منفرد پروگرام کا آغاز مولانا عبدالاحد ملّی کی تلاوت ِقرآن سے ہوا۔ جس کا ترجمہ مراٹھی زبان میں جناب صدرالدین شیخ نے پیش کیا۔ جماعت اسلامی ہند جلگاؤں کے امیر ِ مقامی جناب سہیل امیر شیخ نے افتتاحی خطاب کے طور پر تمام مذاہب کے نمائندوں کا خیرمقدم کیااور انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ صورتحال ایسی ہے کہ مختلف مذاہب اور فرقوں کے درمیان ایک خلیج پیدا کی جارہی ہے۔ جس سے ہر خاص و عام متاثر ہوا ہے۔ اس صورت حال میں جماعت اسلامی ہند چاہتی ہے کہ ملک کے عوام کے درمیان اختلافات کو ختم کیا جائے اور میڈیا میں زیر بحث مختلف مسائل پر بھرپور بحث کی جائے۔ مثلاً اذان، نماز، مسجد، اسلامی تعلیمات وغیرہ۔
بعد ازیں نوشاد عثمان صاحب (اورنگ آباد) نے مسجد کا مکمل تعارف پیش کیا۔موصوف نے مسجد اور مسجد کے متعلق تمام معلومات بڑی تفصیل سے پیش کی جائیں۔ جس میں نماز کا طریقہ اور اس کا فلسفہ، طہارت کی اہمیت اور اسلام میں اس کا مقام، اذان اور اس کا ترجمہ نیز نماز میں پائی جانے والی تعلیمات اور اس کا فلسفہ بیان کیا گیا۔ حاضرین نے مختلف سوالات کے ذریعے اپنی الجھنیں دو‘ر کی۔ آخر میں جماعت اسلامی ہند،مہاراشٹر کے شعبہئ دعوت کے سیکریٹری محمد سمیع صاحب نے جماعت کا تعارف کرایا اور اختتامی تقریر میں جماعت کی دعوتی خدمت پیش کی۔ تقریب کے بعد بھائیوں اور بہنوں نے بہت حوصلہ افزا جواب دیا۔ اور کہا کہ مسجد میں داخل ہونے سے زندگی کا انوکھا تجربہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بار بار ایسے پروگرامس کا حصہ بننا چاہیں گے۔ پروگرام کی نظامت رفیق پٹوے سر نے کی۔