
چینی کمپنیوں کاچھتیس گڑھ میں 6600 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع
رائے پور:(ایجنسی) چین کی اہم کمپنیوں نے چھتیس گڑھ میں تقریبا 6600 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے میمورنڈم آف انڈراسٹینڈنگ (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔
چین کے دورے پر گئے وزیر اعلی ڈاکٹررمن سنگھ کی موجودگی میں آج چین کی کمپنیوں نے 6600 کروڑ روپے (تقریبا 945 ملین امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کے معاہدہ ایم اویو پر دستخط کئے. اس معاہدہ کے مطابق چینی کمپنیوں کی طرف سے چھتیس گڑھ میں سرمایہ کاری شمسی توانائی کے آلات بنانے، ریلوے اور عمارتوں کے تعمیری سامان کی بنیاد پر صنعتوں کے لئے کی جائے گی۔
چینی کمپنی جھونگلی ٹیلسن سولر کمپنی لمیٹڈ کی طرف سے کیبل بنانے، ریئل اسٹیٹ اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں چھتیس گڑھ میں تقریبا 500 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ڈاکٹر سنگھ اس موقع پر جھنگجھاؤ میں منعقدہ چین (ہینان) کے 10 ویں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور تجارتی میلے اور نمائش میں بھی شامل ہوئے، جہاں سے انہوں نے چین سمیت 25 ممالک کے تجارتی نمائندوں سے خطاب کیا. جھینگجھاؤ میں ہونے والا یہ بین الاقوامی سرمایہ کاری اور تجارتی میلہ چین کا ایک اہم اہتمام سمجھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر سنگھ نے اس موقع پر غیر ملکی نمائندہ وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا چھتیس گڑھ ایک ایسی ریاست ہے جہاں صنعتی ترقی کے لئے سرمایہ لگانا سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی منافع بخش ہوگا۔ اس کا فائدہ ہندوستان کی نئی ریاست کے طور پر چھتیس گڑھ کو ملے گا، جہاں ہمارے نوجوانوں کو صنعتوں میں روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔